ممبئی:6/مئی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) برا برتاؤ کرنے والے مسافروں کیلئے پرواز سے روک لگانے والی فہرست (نو فلائی لسٹ)کی مرکز کی تجویز کے بعد شیوسینا کے ایم پی رویندر گایکواڑ نے ہفتہ کو کہا کہ ہوائی جہاز کے عملے کے ارکان کے لئے بھی سخت ہدایات بنائی جانی چاہئیں کہ وہ کس طرح مسافروں کے ساتھ برتاؤ کریں۔ ایئر انڈیا کے ملازم کے ساتھ نامناسب سلوک کرنے کی وجہ سے گھریلو ایئر لائنز نے گایکواڑ پر سفر پابندی لگا دی تھی۔وہ بدسلوکی کرنے اور پرواز میں رکاوٹ ڈالنے والے مسافروں پر مرکز کی طرف سے جاری قوانین کے مسودے پر رائے دے رہے تھے، جس میں تین ماہ اور اس سے زیادہ وقت کے لئے پرواز پابندی کی سفارش کی گئی ہے۔یہ قدم اس واقعہ کے بعد اٹھایا گیا ہے، جس میں گایکواڑ نے مکمل طور پر اکنامک کلاس والے طیارے میں بزنس کلاس میں سفر کرنے کی اجازت نہیں دئے جانے کے بعد ایئر انڈیا ملازم کو موزے سے مارا تھا۔گایکواڑ نے کہا کہ پہلے سے ہی کچھ ہدایات موجود ہیں اور ایک باقاعدہ عمل کے تحت انہیں اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے، مجھے لگتا ہے کہ (شہری ہوا بازی) وزارت نے لوگوں کو پورے معاملے کی یاد دلانے کے لئے جان بوجھ کر اس کا اعلان کیا ہے۔